سی بی آئی نے آج جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں واضح کر دیا کہ دھنباد کے جج اُتم آنند کو آٹو ڈرائیور لکھن ورما نے جان بوجھ کر ٹکر ماری تھی، یہ کوئی حادثہ نہیں تھا۔ سماعت کے دوران سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ سی بی آئی ہر زاویہ سے اس واقعہ کی جانچ کر رہی ہے اور کسی اینگل کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ عدالت نے اس تعلق سے پروگریس رپورٹ آئندہ ہفتہ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ 28 جولائی کو دھنباد میں ضلع جج اُتم کمار کا قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ صبح مارننگ واک کے لیے نکلے تھے۔ اسی وقت ایک آٹو رکشہ والے نے انھیں کچل دیا۔ پہلے اس معاملے کو محض ایک حادثہ تصور کیا جا رہا تھا، لیکن سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ آٹو رکشہ نے جان بوجھ کر جج کو ٹکر ماری تھی۔
اس تعلق سے گرفتار آٹو ڈرائیور لکھن ورما کے ساتھی راہل ورما کی گجرات واقع گاندھی نگر ایف ایس ایل میں برین میپنگ شروع ہوئی تھی۔ لکھن ورما کی بھی برین میپنگ اور نارکو اینالیسس کی گئی۔ ملزمین کو سی بی آئی نارکو ٹیسٹ اور برین میپنگ کے لیے گجرات لے گئی تھی۔ اس ٹیسٹ کے دوران ہی آٹو ڈرائیور نے سی بی آئی کے سامنے یہ انکشاف کیا۔ سی بی آئی اور پولیس افسران پہلے سے ہی اندیشہ ظاہر کر رہے تھے کہ انھیں جان بوجھ کر دھکّا مارا گیا۔