ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان 12 ستمبر کو کر دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم میں جہاں جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی، وہیں ٹی-20 ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے اویس خان اور روی بشنوئی کی چھٹی ہو گئی۔ رویندر جڈیجہ چونکہ زخمی ہیں، اس لیے ایشیا کپ میں ان کی جگہ شامل کیے گئے اکشر پٹیل کو بھی عالمی کپ کے لیے منتخب ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یعنی دو تبدیلی کو چھوڑ کر عالمی کپ کے لیے منتخب بقیہ ٹیم میں وہی کھلاڑی ہیں جو ایشیا کپ میں ٹیم کا حصہ تھے۔ گویا کہ وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کو بھی ان کی محنت کا انعام مل گیا ہے۔ اس تعلق سے دنیش کارتک نے اپنی خوشی کا اظہار سوشل میڈیا پر چار لفظوں میں کیا ہے۔
ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیے جانے کے بعد دنیش کارتک نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے ’ڈریمس ڈو کم ٹرو‘ (خواب پورے ہوتے ہیں)۔ اس جذباتی ٹوئٹ پر لوگ خوب تبصرے کر رہے ہیں اور دنیش کارتک کو مبارکبادیاں بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ کارتک کے شیدائیوں کی خوشی اس بات سے بھی ثابت ہوتی ہے کہ اب تک اس ٹوئٹ کو تقریباً 12 لاکھ لوگوں نے لائک کیا ہے، اور 12 ہزار سے زیادہ بار ری ٹوئٹ بھی ہو چکا ہے۔ ایک ٹوئٹر صارف نے تو کارتک کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ اگر انھیں میچ میں کھیلنے کا موقع نہ ملے تو درمیان میں ہی گھر واپس آ جائیں۔