نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے یومِ تاسیس کے موقع سے اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر کو ایک مذاکرہ نوم چامسکی کمپلیکس، جامعہ میں بعنوان ’درسی کتابوں کی تیاری میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی خدمات‘ منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر سارہ بیگم (ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، جامعہ) نے کی۔
صدارتی خطبے میں پروفیسر سارہ نے درسی کتابوں کی تیاری میں جامعہ کی خدمات کا مجموعی جائزہ پیش کرتے ہوئے اسپیشل ایجوکیشن کے میدان میں انجام دیے گئے کارناموں کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اہلِ نظر جانتے ہیں درسی کتابوں کی تیاری میں جامعہ کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔‘‘ اس موقع پر شعبۂ اردو، جامعہ کے سینئر استاد پروفیسر کوثر مظہری نے کہا کہ جامعہ کے ابتدائی دور میں یہاں کے اساتذہ نے مختصر ترین کتابیں لکھی ہیں جو جامعہ کے مقاصد کے پیشِ نظر تیار کیے گئے تھے اور جامعہ کی لائبریری میں محفوظ ہیں۔ نئے نصاب کی تیاری میں ان کتابچوں سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔
پروفیسر شہزاد انجم (اعزازی ڈائریکٹر، اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ) نے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور کہا کہ ’’ملک و ملت کی تعمیر میں جامعہ کی خدمات اہم ہیں۔ درسی کتابوں کی تیاری میں یہاں کے اساتذہ نے دوسرے اداروں کو بھی اپنا قیمتی تعاون پیش کیا ہے۔‘‘ مذاکرے کی نظامت ڈاکٹر واحد نظیر نے کی، اور تقریب میں پروفیسر رحمن مصور، پروفیسر صفدر امام قادری، ڈاکٹر خالد مبشر، عائشہ رحمن، ڈاکٹر خان محمد رضوان، ڈاکٹر شہنواز حیدر، اقبال حسین وغیرہ نے بھی شرکت کی۔