جنوبی افریقہ دورے پر پہنچی ہندوستانی ٹیم آج (26 دسمبر) ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ کھیل رہی ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں اسے ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ کیوں کہا جا رہا ہے؟ دراصل 26 دسمبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ ’باکسنگ ڈے ٹیسٹ‘ کہلاتا ہے۔ لیکن آپ یہ قطعی مت سمجھیے کہ اس کا مکے بازی سے  کوئی تعلق ہے۔ اس کے پیچھے کئی طرح کی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے بارے میں سب سے پہلے آپ یہ جان لیں کہ صرف اسی ٹیسٹ میچ کو باکسِنگ ڈے ٹیسٹ کہا جاتا ہے جو 26 دسمبر کو آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں شروع ہو۔ باکسنگ ڈے کے سلسلے میں ایک روایت ہے کہ کرسمس کی چھٹی کے بعد جب لوگ کام پر جاتے ہیں تو مالکان کرسمس تحفہ کی شکل میں انہیں باکس گفٹ کرتے ہیں۔ اسی لیے 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے کہتے ہیں۔

ایک دیگر روایت کے مطابق چرچ میں کرسمس کے دوران ایک باکس رکھا جاتا ہے۔ چرچ پہنچنے والے باکس میں غریبوں کے لیے تحائف رکھتے ہیں۔ کرسمس کے اگلے دن اسے کھولا جاتا ہے اور تحفے میں ملے سامانوں کو غریبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ عیسائیوں میں شادیاں بھی چرچ میں ہوتی ہیں۔ شادی میں ملے تحائف کو باکس میں رکھا جاتا ہے اور اسے 26 دسمبر کو کھولنے کی روایت ہے۔ اسی طرح کی کئی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں ’باکسنگ ڈے‘ کے پیچھے۔ یہی وجہ ہے 26 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کو ’باکسِنگ ڈے ٹیسٹ‘ کہے جانے کے پیچھے۔