اس وقت انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان دورہ پر ہے۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان میں شروع ہو چکا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک پاکستانی کھلاڑی نے ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھتے ہی اپنی پھرکی کے ارد گرد انگلش بلے بازوں کو ایسا نچایا کہ سبھی کی نگاہیں اس پر مرکوز ہو گئیں۔ اس کھلاڑی کا نام ہے ’ابرار احمد‘۔ اس لیگ بریک گیندباز نے پہلی اننگ میں 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر اسپن گیندبازی کا ایک نیا باب رقم کرنے کی طرف اپنا پہلا قدم بڑھا دیا ہے۔ ٹیسٹ کیریر کی پہلی ہی اننگ میں ابرار نے تجربہ کار انگلش کھلاڑی جو روٹ سمیت پانچ کھلاڑیوں کو بولڈ یا ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ابرار احمد کی اس کارکردگی سے پورا پاکستان جشن میں ڈوب گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ابرار کی کارکردگی کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ ایسا ہونا لازمی بھی ہے کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک صرف 13 کھلاڑیوں نے اپنی پہلی ہی ٹیسٹ اننگ میں 7 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ ابرار نے اپنی پہلی ٹیسٹ اننگ میں 22 اوورس میں ایک میڈن کے ساتھ 114 رن خرچ کیے۔

غور طلب ہے کہ ابرار محض 24 سال کے ہیں۔ اس لیے پاکستانی کرکٹ کے ساتھ ساتھ دنیائے کرکٹ کو بھی ان سے کافی امیدیں وابستہ ہو گئی ہیں۔ پاکستانی کرکٹ شیدائی تو تصور کر رہے ہیں کہ عبدالقادر اور ثقلین مشتاق کے بعد ابرار ایسے اسپنر ثابت ہوں گے جو دنیا میں کہیں بھی جا کر بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔