رمضان المبارک کا آخری عشرہ چل رہا ہے اور مسلم طبقہ عبادت و ریاضت میں پوری طرح منہمک ہے۔ نماز اور تلاوت قرآن کی آوازیں مسجدوں و گھروں میں سننے کو مل رہی ہیں۔ بیشتر مساجد میں نمازِ تراویح کے دوران قرآن مکمل ہو چکا ہے اور اب سورہ تراویح کا دور جاری ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہندوستان میں ایک رکن اسمبلی ایسے بھی ہیں جو حافظ قرآن ہیں اور ہر سال تراویح پڑھاتے ہیں۔ جی ہاں، مالیگاؤں کے رکن اسمبلی حافظ مفتی محمد اسماعیل قاسمی گزشتہ 5 دہائیوں سے تراویح پڑھا رہے ہیں۔ انھوں نے عملی سیاست میں آنے اور رکن اسمبلی منتخب ہونے کے باوجود تراویح پڑھانے اور امامت و خطابت کے معمول میں فرق نہ آنے دیا۔
ایک اخبار میں حافظ مفتی محمد اسماعیل قاسمی کے تعلق سے رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے 1973 میں قرآن حفظ کیا اور تب سے ہی تراویح پڑھا رہے ہیں۔ انھوں نے مدرسہ تعلیم الدین ڈابھیل سے عالمیت اور دارالعلوم دیوبند سے افتاء کیا ہے۔ آپ کا گھرانہ شروع سے ہی علمی اور دینی رہا ہے۔ والدہ حافظہ تھیں، 7 بہنوں میں سے 6 بہنیں اور 4 بھائی بھی حافظ ہیں۔ اتنا ہی نہیں، آپ کے 2 بیٹے، 2 بیٹیاں اور بھائیوں کے بیٹے بیٹیاں بھی حافظ قرآن ہیں۔ علاوہ ازیں مفتی محمد اسماعیل کی اہلیہ نے شادی کے بعد حفظ کیا۔ بہرحال، مفتی محمد اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب میں تراویح پڑھانے سے سبکدوش ہونا چاہتا ہوں لیکن مصلیان اور ذمہ داران اس کے لئے تیار نہیں۔