یہ دور سوشل میڈیا اور وہاٹس ایپ پیغامات کا ہے۔ لیکن ایس ایم ایس (شارٹ میسج سروس) کی اہمیت بھی کم نہیں ہوئی ہے۔ بینک سے متعلق سرگرمیوں اور موبائل کمپنی کی اہم جانکاریاں تو اب بھی ایس ایم ایس کی شکل میں ہی موصول ہوتی ہیں۔ یہ سب چھوڑیے، کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کا پہلا ’ایس ایم ایس‘ کیا تھا، کس نے کیا تھا، اور کب کیا تھا؟ یہ جانکاریاں ہم بعد میں دیں گے، پہلے آپ کو یہ بتا دیں کہ دنیا کا پہلا ’ایس ایم ایس‘ 1 لاکھ 21 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔ گویا کہ دنیا کے پہلے ’ایس ایم ایس‘ کی قیمت تقریباً 1 کروڑ روپے لگائی گئی ہے۔ یہ نیلامی 21 دسمبر کو پیرس میں ہوئی جس نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ نیلامی کا انعقاد ’اگوٹیس آکشن ہاؤس‘ کی طرف سے کیا گیا تھا۔
آئیے اب بتاتے ہیں دنیا کے اس پہلے ’ایس ایم ایس‘ کے بارے میں جو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ آج سے تقریباً 30 سال قبل کمیونکیشن کی دنیا کو پوری طرح سے بدلتے ہوئے ووڈافون کے انجینئر نیل پیپ ورتھ نے اپنے ساتھی رچرڈ جاروِس کو پہلا ایس ایم ایس ’MERRY CHRISTMAS‘ (میری کرسمس) بھیجا تھا۔ یہ ایس ایم ایس 3 دسمبر 1992 کو بھیجا گیا۔ پیپ ورتھ کے ذریعہ کمپیوٹر سے بھیجے گئے اس پیغام کو یونائٹیڈ کنگڈم میں موجود جاروِس نے اپنے ہینڈ سیٹ ’آربیٹل 901‘ پر حاصل کیا تھا۔ پھر دنیا نے ایک نیا انقلاب دیکھا۔