بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی اس دنیا میں نہیں ہیں، لیکن ان سے جڑی کئی نئی باتیں ان کی بیٹی جھانوی کپور اکثر بتاتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے ایک ایسی بات انٹرویو کے دوران بتائی جو حیرت انگیز ہے۔ انھوں نے بتایا کہ والد بونی کپور کی سگریٹ پینے کی عادت سے ماں سری دیوی بہت پریشان رہتی تھیں۔ جھانوی بتاتی ہیں ’’ان کی اس عادت کی وجہ سے ماں جھگڑا بھی کرتی تھیں۔ ایک وقت ایسا آیا تھا جب ڈاکٹر کے منع کرنے کے باوجود سری دیوی نے نان-ویج کھانا چھوڑ دیا تھا۔ ڈاکٹر نے کہا تھا کہ سری دیوی کی کمزور صحت کو دیکھتے ہوئے انھیں نان-ویج کھانا ضروری تھا۔ لیکن وہ بونی کپور کی سگریٹ چھڑانا چاہتی تھیں اس لیے وہ سبزی خور بن گئیں۔ ماں نے صاف کہا کہ نان ویج نہیں کھاؤں گی جب تک تم سگریٹ نوشی نہیں چھوڑتے۔‘‘
ویسے جھانوی کپور نے ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ والد بونی کپور تقریباً چار پانچ سال پہلے، یعنی سری دیوی کے انتقال کے بعد سگریٹ نوشی کی عادت کو چھوڑ چکے ہیں۔ پرانی باتوں کو یاد کرتے ہوئے جھانوی کہتی ہیں کہ اپنے والد کا سگریٹ چھڑانے کے لیے انھوں نے اپنی بہن خوشی کے ساتھ بھی کئی بار کوششیں کیں۔ مثلاً کبھی سگریٹ کو کاٹ دیا، کبھی اس میں ٹوتھ پیسٹ ڈال دیا، اور کبھی اس کو پھینک دیا۔ گویا کہ بونی کپور کی سگریٹ نوشی چھڑانے کے لیے سری دیوی کے ساتھ ساتھ جھانوی اور خوشی نے بھی خوب محنت کی۔