مدھیہ پردیش کے اُجین میں لگا ’گدھوں کا میلہ‘ خوب سرخیوں میں ہے۔ اس بار حالانکہ خریدار بہت زیادہ نہیں ہیں، لیکن گدھوں کے نام نے میلہ کی شہرت میں اضافہ کر دیا ہے۔ اجین کے کارتک میلہ گراؤنڈ میں لگے اس میلہ میں سب سے زیادہ تذکرہ ’کنگنا‘ اور ’آرین‘ نامی جوڑے کا رہا جو بڑی قیمت میں فروخت ہو چکا ہے۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق اس جوڑے کو ایک تاجر نے 34 ہزار روپے میں خریدا۔ ’ویکسین‘ نامی ایک گدھے کی بھی خوب شہرت رہی جسے 14 ہزار روپے میں خریدا گیا۔
دراصل اجین میں لگے اس میلے میں گدھوں کی الگ الگ قسمیں فروخت کے لیے لائی جاتی ہیں۔ میلہ میں گھوڑے بھی ہوتے ہیں اور ضرورت مند حضرات انھیں خریدنے پہنچتے ہیں۔ ان کو فروخت کرنے کے لیے اس بار کنگنا، آرین اور ویکسین جیسے نام دیے گئے تھے جس کا فائدہ بیچنے والوں کو ملا۔ کنگنا اور آرین تو دیکھتے ہی دیکھتے فروخت ہو گئے، اور ویکسین کو بھی زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا۔
بتایا جاتا ہے کہ شپرا ندی کے کنارے بڑنگر روڈ پر لگے اس میلے میں 100 سے زائد گدھے اور گھوڑے فروخت کے لیے موجود ہیں۔ اس بار لوگ میلے میں پہنچ تو رہے ہیں، لیکن خریداری کم ہی ہو رہی ہے۔ میلہ کے نگراں ہری اوم پرجاپتی کا کہنا ہے کہ ٹرینڈ میں چل رہی خبروں اور اشخاص کے نام رکھنے سے گدھوں کی ایک الگ شناخت بن جاتی ہے اور خریدار جلدی مل جاتے ہیں۔