جنوبی ہند کی مشہور اداکارہ سائی پلوی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں وہ برقع پہنے نظر آ رہی ہیں۔ اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ کئی سپرہٹ فلموں میں کام کر چکی سائی پلوی مسلم ہو چکی ہیں، تو آپ غلط ہیں۔ انھوں نے برقع کسی خاص مقصد کے تحت پہنا ہوا ہے۔ دراصل وہ اپنی فلم ’شیام سنگھا رائے‘ تھیٹر میں ناظرین کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنا چاہتی تھیں۔ انھیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ایسا کیا کریں کہ لوگوں کو پتہ بھی نہ چلے اور وہ تھیٹر میں فلم بھی دیکھ لیں۔ پھر سائی نے برقع کا سہارا لیا اور فلم کے ہدایت کار راہل سنکرتین کے ساتھ تھیٹر پہنچ گئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائی پلوی برقع میں تھیٹر پہنچیں اور اپنے شیدائیوں کے ساتھ بیٹھ کر فلم کا مزہ لیا۔ کسی نے بھی سائی کو نہیں پہچانا اور وہ بغیر کسی مشکل کے ’شیام سنگھا رائے‘ دیکھنے میں کامیاب ہو گئیں۔ فلم ختم ہونے کے بعد تھیٹر سے نکلتے وقت بھی وہ برقع میں تھیں۔ پھر گاڑی میں سوار ہونے سے پہلے انھوں نے اپنا چہرہ کچھ دیر کھول کر دکھایا اور گھر کے لیے روانہ ہو گئیں۔
یہ ویڈیو جب ’فلمی کا اڈہ‘ انسٹاگرام ہینڈل سے شیئر کیا گیا تب لوگوں کو پتہ چلا کہ سائی پلوی برقع پہن کر اپنی ہی فلم دیکھنے تھیٹر گئی تھیں۔ سائی اور اداکار نانی کی اس فلم کی لوگ خوب تعریف کر رہے ہیں۔