اسلام پوری دنیا میں اپنی آب و تاب کے ساتھ پھیلا ہوا ہے۔ شاید ہی دنیا کا کوئی ایسا خطہ ہو جہاں اسلام کو ماننے والے موجود نہ ہوں۔ اللہ کی کتاب قرآن مجید بھی دنیا کی تقریباً سبھی زبانوں میں ترجمہ ہو کر لوگوں میں علم کی روشنی پھیلا رہی ہے۔ اس ضمن میں ایک نئی خبر سامنے آئی ہے کہ قرآن پاک کا ترجمہ پہلی مرتبہ کسی مسلم نے کوریائی زبان میں کیا ہے۔ اس شرف کو حاصل کرنے والی شخصیت کا نام ہے ڈاکٹر حامد چوئی یونگ کِل حفظہ اللہ۔

عرب دنیا کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ڈاکٹر حامد کے لیے دعائے خیر کی گئی ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’سبحان اللہ سبحان اللہ۔ ڈاکٹر حامد چوئی پہلے کورین مسلمان ہیں جنھوں نے قرآن مجید اور صحیح بخاری کا کورین زبان میں ترجمہ کیا۔ ترجمہ کرنے میں انھیں سات سال سے زیادہ کا عرصہ لگا۔ اللہ قبول فرمائے، بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین۔‘‘

سعودی عرب واقع اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر حامد چوئی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ قرآن میں موجود پیغامات کو عام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ کوریائی عوام کو قرآنی تعلیمات سے آشنا کرنا چاہتے ہیں۔ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈاکٹر حامد نے 7 سالوں کی محنت سے مقدس کتاب قرآن مجید کا ترجمہ کیا۔ انھوں نے صحیح بخاری کا بھی ترجمہ کیا تاکہ لوگ رسول اللہ کی زندگی اور عادات و اطوار سے بھی آشنا ہوں۔