کینسر متاثرہ 27 بچے آج آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی قومی صدر ڈاکٹر نوہیرا شیخ کو خوب دعائیں دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کارنامہ ہی ایسا انجام دیا ہے۔ انھوں نے ان 27 کینسر متاثرہ بچوں کی دیرینہ خواہش پوری کر دی جو آسمان کی سیر کرنا چاہتے تھے، لیکن اپنی غریبی سے بے بس تھے۔ آزادی کی 75ویں سالگرہ کے پیش نظر منائے جا رہے ’امرت مہوتسو‘ کے موقع پر ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کینسر متاثرہ غریب بچوں کی خواہش پوری کرنے کا فیصلہ کیا، اور انھوں نے خود بھی بچوں کے ساتھ سفر کیا۔
ممبئی واقع ’کینسر پیشنٹس ایڈ ایسو سی ایشن‘ کی سربراہ نیتا مورے کی خصوصی گزارش پر نوہیرا شیخ نے انسانی اقدار کا ایسا نمونہ پیش کیا جو غالباً ہندوستانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ انھوں نے ممبئی ایئرپورٹ سے 50 سیٹر چارٹر ہوائی جہاز ریزرو کر 27 کینسر متاثرہ بچوں کو ’خوشی کی سواری‘ کرائی۔ سبھی بچے ممبئی کے آسمان کی سیر کر بہت خوش نظر آئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوہیرا شیخ بھی جذباتی نظر آئیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’جیسے ہی ممبئی ایئرپورٹ سے ہوائی جہاز نے پرواز بھری، ان بچوں کی خوشی قابل دید تھی۔‘‘
ڈاکٹر نوہیرا شیخ کہتی ہیں ’’سیاسی لیڈران ہوں یا پھر پارٹیاں، آج سبھی اپنی سیاست میں مصروف ہیں۔ ایسے وقت میں کینسر متاثرہ بچوں کی خواہش پوری کرنا دل کو سکون پہنچانے والا قدم ہے۔‘‘ اس موقع پر کینسر پیشنٹس ایڈ ایسو سی ایشن کی سربراہ نیتا مورے بھی موجود تھیں اور انھوں نے ڈاکٹر نوہیرا شیخ کا شکریہ ادا کیا۔