نئی دہلی: عالمی یومِ خواتین پر مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال ترقی اسمرتی ایرانی نے ہیرا گروپ آف کمپنیز کی بانی ڈائریکٹر اور آل انڈیا مہیلا ایمپاورمنٹ پارٹی (ایم ای پی) کی قومی صدر ڈاکٹر نوہیرا شیخ کو خواتین میں بیداری اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے’وششٹھ مہیلا رتن سمان‘ (خصوصی خواتین رَتن ایوارڈ) سے نوازا۔ یہ مشہور ایوارڈ’سی اے آئی ٹی‘ (کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس) کی طرف سے پیش کیا گیا جس کے لیے نوہیرا شیخ نے شکریہ کے کلمات ادا کیے۔

ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے سی اے آئی ٹی اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہندوستان کی آزادی کے 75 سال بعد بھی خواتین خود کفیل نہیں بن پائیں۔ لیکن آج وقت ہے جب ان کی ترقی، خود مختاری اور انھیں روزگار سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’خواتین کسی کی بیٹی، ماں، بہن، بیوی بن کر اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں، لیکن ساتھ ہی ہم کاروبار وغیرہ میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتی ہیں۔ ہیرا گروپ نے خواتین کو خودکفیل بنانے کے لیے ’سواولمبی یوجنا‘ لانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سے 5000 روپے میں خواتین اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔‘‘

عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ڈاکٹر نوہیرا شیخ کو خصوصی ایوارڈ دیے جانے پر تقریب میں موجود لوگوں نے انھیں مبارکباد پیش کی۔ دہلی کی سائبر سیکورٹی ماہر ڈاکٹر دِویا تنور اور مصنفہ نکہت پروین نے ڈاکٹر نوہیرا شیخ کو خصوصی طور پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔