پرکشش لائف اسٹائل کے لیے مشہور دبئی میں اکثر کچھ ایسا کارنامہ انجام دیا جاتا ہے جو ریکارڈ بُک میں درج ہو جاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی دبئی کے ایک ہوٹل نے کیا ہے جو ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ دراصل دبئی میں پام ہوٹلس، وائنری موئٹ اور چندن نے مل کر نئے سال کا دھماکہ دار آغاز کیا ہے۔ اس نے 54740 پینے والے شیشے کے گلاس سے ’پیرامڈ‘ بنا کر گزشتہ گنیز ورلڈ ریکرڈ کو توڑ دیا ہے۔ گزشتہ ریکارڈ 50116 گلاس کا تھا جسے پام ہوٹلس نے بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ’اٹلانٹس دی پام‘ ہینڈل سے 54740 پینے کے گلاس سے تیار کردہ پیرامڈ کی تصویریں شیئر کی گئی ہیں۔ کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ پیرامڈ کو کس محنت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس کو تیار کرنے میں کئی لوگوں کا تعاون حاصل کرنا پڑا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنی ویب سائٹ پر بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ دی گئی جانکری کے مطابق ایک فری اسٹینڈنگ تین طرفہ ٹھوس (سخت) پیرامڈ تھا جو کمرشیل طور پر دستیاب پینے کے گلاس سے بنایا گیا تھا۔ اس کی اونچائی 8.2 میٹر (26 فیٹ 11 انچ) تھی۔ ’اٹلانٹس دی پام‘ نے بھی انسٹاگرام پر پیرامڈ کی اونچائی اور لگائے گئے وقت کے بارے میں تذکرہ کیا ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8.23 میٹر اونچے ٹاور کو بنانے میں 54740 گلاس کوپ اور 55 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا تھا۔