مغربی بنگال کی ’دُرگا پوجا‘ کو عالمی سطح پر مقبولیت حاصل ہے، لیکن اب اسے عالمی منظوری بھی مل گئی ہے۔ دُرگا پوجا کو اقوام متحدہ (یو این او) کی کلچرل یونٹ ’یونیسکو‘ کے ذریعہ ثقافتی وراثت کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس خبر سے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بہت خوش ہیں اور اس لمحہ کو قابل فخر بتا رہی ہیں۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’درگا پوجا صرف تہوار نہیں ہے بلکہ ایسا جذبہ ہے جو سب کو متحد کرتا ہے۔‘‘

یونیسکو کے ذریعہ درگا پوجا کو عالمی شناخت دیے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ممتا بنرجی کہتی ہیں ’’یہ فخر کا لمحہ ہے۔ دنیا بھر میں رہنے والے ہر بنگالی کے لیے درگا پوجا ایک تہوار سے کہیں زیادہ ہے۔ اب درگا پوجا کو عالمی ثقافتی وراثت کی فہرست میں جوڑا گیا ہے۔ ہم سب خوشی سے جھوم رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں ’’یونیسکو کو مبارکباد، کیونکہ ہمارے سب سے بڑے تہوار کو ثقافتی وراثت کی فہرست میں شامل کیا۔ سارا ہندوستان اور ساری دنیا کو اس پر فخر ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ مغربی بنگال حکومت نے اقوام متحدہ کو خط لکھ کر درگا پوجا کو یونسیکو کی فہرست میں شامل کرنے کی عرضی دی تھی۔ ممتا بنرجی نے اس کامیابی پر کہا کہ ’’میں 2016 سے کوشش کر رہی ہوں۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ ممتا بنرجی درگا پوجا کرنے نہیں دیتی ہیں۔ آج ان کے چہرے پر چونا لگ گیا ہے۔‘‘