فیفا عالمی کپ 2022 کا آغاز پروقار تقریب کے ساتھ 20 نومبر کو ہو چکا ہے، اور اب تو ٹیموں کے درمیان مقابلے بھی شروع ہو چکے ہیں۔ لیکن اس درمیان افتتاحی تقریب اور اس دن کی کچھ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر وائرل ہو رہی ہیں جو 2022 کے فیفا عالمی کپ کو گزشتہ عالمی کپ سے بالکل مختلف بنا رہی ہیں۔ ویڈیوز تو کئی ہیں لیکن خصوصاً تلاوتِ قرآن پاک اور ڈاکٹر ذاکر نائک کی موجودگی میں 4 غیر مسلم افراد کے اسلام قبول کرنے کی ویڈیوز کچھ زیادہ ہی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہیں۔

تلاوتِ قرآن تو حافظ بچوں نے قطر واقع البیت اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں بھی کی تھی، لیکن فیفا عالمی کپ 2022 کے افتتاحی پروگرام میں معذور غانم المفتاح نے امریکی اداکار مورگن فریمین کے سامنے جو قرآنی آیت پیش کی، اس کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ آیت میں انسان کی پیدائش اور اللہ کی قدرت کا تذکرہ ہے۔ ایک ویڈیو ڈاکٹر ذاکر نائک کی ہے جو مسلم طبقہ میں بہت پسند کی جا رہی ہے۔ اس میں وہ 4 افراد کو کلمہ شہادت پڑھا کر اسلام میں شامل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ حالانکہ کچھ لوگ عالمی کپ ایونٹ کو مذہب کے فروغ کا پلیٹ فارم بنائے جانے سے ناراض بھی ہیں۔

ایک ویڈیو ایسی بھی ہے جس میں باجماعت نماز ادا کی جا رہی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ افتتاحی تقریب کے دوران کی ہے، لیکن یہ غلط ہے۔ ویڈیو 2019 کی ہے جب روس کے کازان اسٹیڈیم میں نماز پڑھی گئی تھی۔