ٹی-20 عالمی کپ میں 4 نومبر کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا سے شکست کے بعد ویسٹ انڈیز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ اس سے مایوس ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز کھلاڑی ڈوین براوو نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ براوو نے فیس بُک لائیو شو میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی اور کمنٹیٹر ایلکس جارڈن کے ساتھ بات چیت کے دوران اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ (ریٹائرمنٹ کا) وقت آگیا ہے۔ میں خوش ہوں کہ میرا کیریئر بہت اچھا رہا۔ 18 سال تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے کے دوران کچھ نشیب و فراز آئے، لیکن جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو اتنے طویل عرصے تک اس کھیل اور کیریبیائی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے میں بہت شکر گزار ہوں۔‘‘

جہاں تک ڈوین براوو کی ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیے کارکردگی کا سوال ہے، انھوں نے 40 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ اس دوران 71 پاریوں میں 2200 رن بنائے، جس میں 3 سنچری اور 13 نصف سنچری شامل ہے۔ انھوں نے 86 وکٹ بھی لیے۔ یک روزہ میچوں میں ڈوین براوو نے ویسٹ انڈیز کے لیے 164 میچوں میں نمائندگی کی۔ اس دوران 2968 رن بنائے اور 199 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یک روزہ میچوں میں براوو نے 2 سنچری اور 10 نصف سنچری بھی بنائی۔ ٹی-20 بین الاقوامی مقابلوں میں براوو نے ویسٹ انڈیز کے لیے 90 میچوں میں نمائندگی کی اور 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 1245 رن بنائے۔ انھوں نے 78 وکٹ بھی لیے۔