ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو ہندوستان میں کافی مقبول ہیں۔ یہاں تک کہ وہ اسے اپنا دوسرا گھر بھی مانتے ہیں۔ براوو ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ کرکٹ کے علاوہ کچھ دیگر شعبوں میں بھی ان کے ہنر کا جادو خوب چلتا ہے۔ کرکٹ سے الگ براوو کے اسی ہنر کا جادو دکھانے کے لیے ان کا نیا گانا ’نمبر وَن‘ منظر عام پر آ گیا ہے۔ اس میں انہوں نے زبردست رقص پیش کیا ہے۔ براوو نے یہ گانا کالن ویڈربرن کے ساتھ مل کر لکھا ہے۔ ’نمبر وَن‘ گانا ریلیز ہوتے ہی خوب پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ خاص طور پر ہندوستانی اسے خوب پسند کر رہے ہیں۔
’نمبر وَن‘ گانا کو ریلیز کرتے ہوئے براوو نے اس سلسلے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’یہ گانا میرے دل کے بیحد قریب ہے۔ ڈانس کے علاوہ میرے گانوں کے گہرے معنی بھی ہوتے ہیں۔ میں اپنے اس گانے کو اپنے دوسرے گھر ہندوستان میں ریلیز کر کے بہت ہی پُرجوش ہوں۔ یہ گانا میرے چاہنے والوں کو خوب پسند آئے گا۔‘‘
ڈوین براوو نے اپنے نئے گانے کے پوسٹر اور ٹیزر کو پسند کیے جانے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ ان کا یہ گانا بھی لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترے گا۔ غور طلب ہے کہ اس سے پہلے براوو کا ’چمپئن‘ گانا آ چکا ہے جو سپرہٹ رہا تھا۔ اسے ہندوستان میں زبردست کامیابی ملی تھی۔ ’چمپئن‘ گانے میں براوو کے ڈانس اسٹیپس کو بھی کرکٹروں اور ان کے فینس نے خوب کاپی کیا تھا۔