انڈونیشیا میں آج ایک بار پھر شدید زلزلہ نے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر دیا۔ جھٹکا اس قدر شدید تھا کہ کئی گھر ہلتے نظر آئے اور سڑکوں پر درخت جھوم رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کی شدت 7.6 تھی جس کے بعد موسم سائنس ایجنسی نے ممکنہ سنامی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انڈونیشیا کے کئی علاقوں میں اس زلزلہ کو محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی نوسا تینگارا میں 7.5 شدت والا زلزلہ محسوس کیے جانے کے بعد سنامی کا الرٹ جاری کیا گیا۔ علاوہ ازیں یوروپی میڈیٹیرینین زلزلہ سنٹر نے زلزلہ کی شدت 7.7 بتائی ہے۔ اس نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

اس زلزلہ میں ہوئے نقصانات سے متعلق فی الحال کوئی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ کچھ خبروں میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ضرور ہے۔ انتظامیہ اس زلزلہ کے بعد پوری طرح مستعد ہے۔ راحت اور بچاؤ ٹیم کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر زلزلہ کی کئی ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔ کچھ ویڈیوز بہت خوفناک ہیں کیونکہ گھر کی دیواریں صاف ہلتی ہوئی دکھائی پڑ رہی ہیں۔ سنامی کا الرٹ جاری کیے جانے کے بعد لوگوں میں خوف کا ماحول بھی پیدا ہو گیا ہے۔ کچھ لوگ گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف رخت سفر باندھتے ہوئے نظر آئے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ سنیچر کے روز بھی انڈونیشیا کے مالوکو علاقہ میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔