پاکستان میں مہنگائی نے ہر خاص و عام کو پریشان کر رکھا ہے۔ کسی صورت مہنگائی کم ہوتی ہوئی معلوم نہیں پڑ رہی ہے۔ اس مہنگائی سے مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی وزراء وقتاً فوقتاً عوام کو مشورے بھی دیتے رہے ہیں۔ کچھ مشورے تو کام کے ہوتے ہیں، لیکن کچھ انتہائی مضحکہ خیز ہوتے ہیں۔ ایک بیان پاکستان مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان معاملوں کے وزیر علی امین گنڈاپور کا سامنے آیا ہے جس پر سبھی حیران ہیں۔ انھوں نے مہنگائی سے مقابلہ کرنے کے لیے روٹیاں کم کھانے اور چائے میں چینی کم استعمال کرنے کا مشورہ دے ڈالا ہے۔
گنڈاپور کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں ’’اگر 9 فیصد مہنگائی ہے اور میں آٹے کے 100 نوالے کھاتا ہوں، تو کیا اپنی قوم کے لیے 9 نوالے کی قربانی نہیں دے سکتا۔ لوگوں نے تو پیٹ پر پتھر باندھ کر جنگ لڑی ہے۔ سپر پاور کو گرایا ہے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں بچوں کو وہ پاکستان دینا ہے جہاں بچے پیدا ہوتے ہوئے کسی کا قرض دار نہ ہوں۔‘‘ گنڈاپور یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’میں چائے میں چینی کے 100 دانے ڈالتا ہوں، اگر 9 دانے کم ڈال دوں تو کیا چائے کم میٹھی لگے گی۔ ہم اتنے کمزور ہو گئے ہیں۔ اپنے ملک کے لیے اور اپنی نسل کے لیے ہم اتنی قربانی نہیں کر سکتے۔‘‘ واضح رہے کہ پاکستان میں مہنگائی عروج پر ہے، اور روزمرہ کا سامان خریدنا بھی لوگوں کو محال ہو رہا ہے۔