افغانستان کی طالبان حکومت نے سنیچر کی شب شوال کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کر دیا اور پورے ملک میں آج یعنی اتوار کو عید الفطر کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ حالانکہ سعودی عرب میں چاند نہیں دیکھا گیا ہے اور وہاں سوموار کو عید منایا جائے گا۔ اس خبر نے ہندوستان و پاکستان میں کئی لوگوں کو فکرمند کر دیا ہے۔ فکرمندی کی وجہ یہ ہے کہ عموماً سعودی عرب میں جب شوال کی پہلی تاریخ ہوتی ہے تو اس کے ایک دن بعد ہند-پاک میں عید منائی جاتی ہے۔ اب جبکہ افغانستان میں اتوار کو اور سعودی عرب میں سوموار کو عید ہے تو اندیشہ اس بات کا پیدا ہو گیا ہے کہ ہندوستان میں دو عید نہ ہو جائے۔ عید کا چاند دیکھنے میں کسی بھی طرح کا تنازعہ ہونے پر کچھ لوگ سوموار کو اور کچھ لوگ منگل کو عید نہ منانے لگ جائیں۔
بہرحال، افغانستان میں شوال یعنی عید کا چاند دیکھے جانے کا اعلان وہاں کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مولوی عبدالحکیم نے کیا۔ اس سلسلے میں طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر برائے اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے 30 اپریل کی شب ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ”امارت اسلامیہ افغانستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ شیخ الحدیث مولوی عبدالحیم حقانی نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز اتوار پورے ملک میں عید الفطر کا پہلا دن ہوگا۔ اس موقع پر اپنے تمام ہم وطنوں کو ہم عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘‘