آپ تو یہ جانتے ہی ہوں گے کہ ایلن مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹوئٹر‘ کو خرید لیا ہے اور اب وہ اس کے نئے مالک ہیں۔ آپ کو یہ بھی خبر ہوگی کہ وہ اس پلیٹ فارم کو اظہارِ رائے کا بہترین ذریعہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اسی کے پیش نظر 29 اکتوبر کو انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا جس پر مشہور و معروف اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی نے دلچسپ رد عمل ظاہر کیا ہے۔
دراصل ایلن مسک نے اپنے یک سطری ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’کامیڈی اب ٹوئٹر پر قانونی ہے۔‘‘ اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے منور فاروقی نے سوال کیا ’’پکّا؟‘‘ پھر اسی ٹوئٹ میں آگے لکھتے ہیں ’’نہیں بھئی، رہنے دو، تم نہیں آؤ گے ضمانت کرانے…۔‘‘ ظاہر ہے کہ ایلن مسک کے ٹوئٹ پر منور فاروقی کا رد عمل حکومت وقت پر بھی حملہ ہے اور ایلن مسک کے عزائم پر ایک طنز بھی۔
غور طلب ہے کہ اسٹینڈ اَپ کامیڈی کے لیے مشہور منور فاروقی اپنے پروگرام کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ وہ کامیڈی کے نام پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ انھیں اس معاملے میں جیل کی بھی ہوا کھانی پڑی، اور ان کے کئی پروگرام اب تک ہندو تنظیموں کے اعتراض کی وجہ سے رَد بھی ہو چکے ہیں۔ منور فاروقی ہی نہیں، کنال کامرا اور کچھ دیگر اسٹینڈ اَپ کامیڈین کا بھی الزام ہے کہ موجودہ مرکزی حکومت اپنے اوپر تیار کامیڈی کو برداشت کرنے کا بھی جذبہ نہیں رکھتی۔