جامعہ مڈل اسکول (جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی) کے تحت منعقد ’ماحولیاتی ہفتہ‘ 9 مئی کو انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام کے تحت طلبا و طالبات میں ماحولیات کے تئیں بیداری پیدا کی گئی اور شجرکاری کا بھی عمل انجام پایا۔ جامعہ مڈل اسکول کی نگراں نصرت جہاں کی قیادت میں ’شجر کاری‘ کی گئی جس میں طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی پروفیسر سارہ بیگم (ڈین شعبہ تعلیم) موجود تھیں جنھوں نے اسکول کیمپس میں پودا لگا کر شجر کاری کا آغاز کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ’ماحولیاتی ہفتہ‘ کے پیش نظر جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد ارشد خان اور سید عابد حسین اسکول کے پرنسپل ظفر احمد صدیقی نے بھی شجر کاری کی۔ سابق قائم مقام نگراں اقبال احمد خان اور ایکٹیویٹی انچارج عائشہ رحمان کی زیر نگرانی ہوئے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں اساتذہ حارث الحق، شاہدہ مشتاق، سید مسرور علی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس میں طلباء و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور کامیابی کے ساتھ ’ماحولیاتی ہفتہ‘ کا اختتام ہوا۔
غور طلب ہے کہ جامعہ مڈل اسکول اپنے قیام سے ہی اس طرح کی مہم اور پروجیکٹ کے ذریعہ طلبا میں حساسیت و بیداری پیدا کرنے کے لیے سرگرم اور کوشاں رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد بچوں میں ماحولیات کے تئیں بیداری پیدا کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں تاکہ آلودگی پیدا کرنے والے عوامل پر کنٹرول کیا جائے۔