ایسے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں جب عاشق جوڑے اپنے سرپرستوں کی مرضی نہ ہونے پر گھر سے فرار ہو کر شادی کر لیتے ہیں اور بعد میں انھیں جان کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ ایسے معاملوں میں عاشقوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہریانہ حکومت نے ایک خصوصی آن لائن پورٹل تیار کیا ہے جس کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا۔ ہریانہ اس طرح کا پورٹل بنانے والی پہلی ریاست بن گئی ہے، اور آنے والے دنوں میں دوسری ریاستوں میں بھی ایسا دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
اس آن لائن پورٹل کے ایکٹیو ہونے کے بعد عاشق جوڑوں کو اپنی سیکورٹی کے لیے پولس یا عدالت کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وہ اپنی پریشانی آن لائن پورٹل پر ہی درج کروا سکیں گے۔ ان شکایتوں کے لیے ہریانہ حکومت نے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی شکایتوں پر فوری کارروائی کر کے ترجیحی بنیاد پر فرار عاشقوں کو تحفظ فراہم کرے گا۔
دراصل پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے 23 دسمبر 2021 کو ایک معاملے کی سماعت کے دوران ہریانہ حکومت کو فرار عاشقوں کی مدد کے لیے آن لائن پورٹل بنانے کا حکم جاری کیا تھا۔ گزشتہ دنوں حکومت نے عدالت کو مطلع کیا کہ آن لائن پورٹل تیار ہے اور جلد ایکٹیو ہو جائے گا۔ اس معاملے کی سماعت ہائی کورٹ میں آئندہ 21 فروری کو ہونے والی ہے۔ بہرحال، آن لائن پورٹل ایکٹیو ہونے کے بعد فرار عاشق جوڑے سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں گے۔