پٹنہ: فلاحی اور سماجی تنظیم ’خدمت‘ کے زیر اہتمام آج عالم گنج نرکٹ گھاٹ مڈل اسکول میں بچیوں کے لیے مفت ’خدمت کوچنگ سنٹر‘ کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی جلسے کی صدارت ’خدمت‘ کے صدر جناب سید مشتاق احمد نے کی اور نظامت کا فریضہ حسیب خان عرف لڈن نے انجام دیا۔ اس موقع پر پٹنہ کے سابق میئر جناب افضل امام نے کہا کہ ’خدمت‘ کا مقصد منظم ہو کر فلاحی کام کر نا ہے۔ یہ ہمارا عزم مصمم ہے اور ہم ’خدمت‘ کے پلیٹ فارم سے ہر طرح کے فلاحی کام کرنا چاہتے ہیں۔
افضل امام نے اس موقع پر بتایا کہ اس سنٹر میں علاقے کی بچیوں کے لیے آٹھویں، نویں اور دسویں کلاس کا نظم ہوگا۔ اس کے بعد بچوں کے لیے بھی ہم کوچنگ کا انتظام کریں گے۔ افتتاحی تقریر میں سید مشتاق احمد نے علاقے کے لوگوں سے اس فلاحی کام میں عملی تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے علاقے میں خصوصاً بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔
سینئر صحافی ڈاکٹر ریحان غنی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں لینے کی نہیں بلکہ دینے کی فکر کرنی چاہیے۔ عالم گنج میں مشتاق احمد، افضل امام اور شاہد انور کے زیر نگرانی ’خدمت کوچنگ سنٹر‘ کا قیام اس سلسلے میں ایک اہم پہل ہے۔ تقریب میں دلال جی مسجد عالم گنج کے خطیب جمعہ اختر علی گیلانی، ممتاز عالم دین مولانا فضل کریم قاسمی وغیرہ نے بھی شرکت کی۔