ایکتا کپور کی نئی ناگن جلد ہی آپ کے گھروں میں دستک دینے والی ہے۔ اس بار یہ ناگن وبا کی شکار دنیا میں جدید ٹیکنالوجی اور سائنس سے مقابلہ کرتی ہوئی دکھائی دے گی۔ جی ہاں! کلرس ٹی وی کے سپرہٹ شو ’ناگن‘ کے چھٹے سیزن کا نیا پرومو جاری ہو چکا ہے۔ اس میں بگ باس-15 کی فاتح تیجسوی پرکاش کی ناگن کے طور پر خوفناک انداز میں انٹری ہوئی ہے۔

ٹی وی کوئن ایکتا کپور نے ’ناگن‘ کے نئے سیزن کا پرومو شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے ’’اپنے دلکش انداز اور تینوں کال (دورانیہ) کی طاقتوں سے دنیا کو بچانے آ رہی ہے ناگن۔‘‘ پرومو میں تیجسوی پرکاش خوبصورت کے ساتھ ہی خوفناک بھی نظر آ رہی ہیں۔ تیجسوی کا یہ انداز دیکھ کر لوگ ابھی سے ہی کافی پُرجوش ہیں۔ ’ناگن‘ کے اس سیزن کو کافی وسیع پیمانے پر تیار کیا گیا ہے جس میں جدید ٹکنالوجی، بہترین اسپیشل افیکٹس اور عالیشان سیٹ کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایکتا کپور نے اس سیزن کے ذریعہ ’ناگن‘ سیریز کو نیکسٹ لیول پر لے جانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

ناگن-6 کے پرومو کو کچھ ہی دیر میں 62 ہزار سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ تیجسوی پرکاش کو ناگن کے طور پر دیکھ کر فینس خوش تو ہیں ہی، ساتھ ہی کچھ کا مطالبہ ہے کہ ان کے مدمقابل کرن کندرا کو بطور مرکزی کردار کاسٹ کر لیا جائے۔ ناگن-6 کا نیا سیزن 12 فروری سے سنیچر اور اتوار کو کلرس ٹی وی پر نشر ہوگا۔