کورونا انفیکشن سے بچنے کے لیے کوارنٹائن کے مشکل ضوابط کے سبب نیوزی لینڈ نے انڈر-19 کرکٹ عالمی کپ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ اس فیصلے سے کرکٹ ماہرین کے ساتھ ساتھ شائقین بھی حیران ہیں۔ دراصل نیوزی لینڈ میں نابالغوں کے باہر سے آنے پر کوارنٹائن میں رہنا لازمی ہے۔ چونکہ کوارنٹائن کا وقت کافی مشکل بھرا ہوتا ہے، اور کم عمر کھلاڑیوں کے لیے یہ ذہنی تناؤ کا باعث بھی بن سکتا ہے، اس لئے کیوی  ٹیم نے عالمی کپ میں حصہ لینے سے منع کر دیا ہے۔ ذمہ داران نہیں چاہتے کہ عالمی کپ سے واپسی کے بعد کھلاڑی تناؤ کا شکار ہوں۔

نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد یوروپی کوالیفائرس سے عالمی کپ میں جگہ بنانے سے محروم رہ گئی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ انڈر-19 کرکٹ عالمی کپ 14 جنوری سے 5 فروری 2022 کے درمیان ویسٹ انڈیز میں کھیلا جانا ہے۔ 16 ٹیموں کے درمیان کُل ملا کر 48 میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز اینٹگوا اینڈ برموڈا، گیانا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس اور ترینداد اینڈ ٹوبیگو کے 10 میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔

انڈر-19 عالمی میں 4 بار کی چمپئن ہندوستانی ٹیم کو گروپ ’بی‘ میں رکھا گیا ہے۔ اس گروپ میں جنوبی افریقہ، آئرلینڈ اور یوگانڈا کی ٹیمیں بھی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور سری لنکا کے ساتھ گروپ ڈی میں تھی۔ اس کے ہٹ جانے کے بعد اب اس گروپ میں اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا ہے۔