آپ نے میلے تو بہت گھومے ہوں گے، اور وہاں طرح طرح کی چیزیں خرید کر کھائی بھی ہوں گی۔ لیکن کیا کبھی ایسا میلہ دیکھا ہے جہاں آپ کو مفت میں کھانے کی چیزیں دستیاب ہوں۔ کچھ اسی طرز کا میلہ مغربی بنگال میں لگا ہوا ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں ’مچھلی میلہ‘ کی جہاں مختلف طرح کی مچھلیاں آپ کو کھانے کے لیے مفت میں مل جائیں گی۔ یہ میلہ درگاپور میں لگا ہوا ہے اور ماچھ-بھات کھانے والوں کے لیے بہترین موقع ہے۔ ویسے تو یہ میلہ ہر سال درگا پوجا کے موقع پر لگتا ہے، لیکن اس وقت کورونا بحران میں لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے یہ میلہ منعقد کیا گیا ہے۔

مچھلی-چاول کے ساتھ بنگالیوں کے لیے درگاپور میں منعقد اس فینسی میلے کو ’مچھلی-چاول میں بنگالی‘ نام دیا گیا ہے۔ جیسا کہ سب جانتے ہیں بنگالیوں کو چاول، دال اور سبزیوں کے ساتھ بھی مچھلی کھانا پسند ہے۔ اتنا ہی نہیں مچھلی کا سوپ یا تلی ہوئی مچھلی کا اچار بھی بنگالیوں کا پسندیدہ کھانا ہے۔ اب جبکہ شہر کے بیچوں بیچ درگاپور میں اس فینسی مچھلی میلہ کا انعقاد ہوا ہے تو بنگالیوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بار میلے میں روئی، کتلا، ویٹکی، پامفریٹ، ٹنگرا، کتلا سمیت 22 طرح کی مچھلیوں کے ساتھ ہی انھیں پکانے والے برتن بھی موجود ہیں۔ اس میں لوگوں کو اپنے پیسے خرچ نہیں کرنے ہوتے اور اس مفت میلے کا انعقاد ’درگاپور ایلو ویلفیئر سوسائٹی‘ کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔