گجرات میں 30 جون کو ’پراکرتک پلاسٹک کیفے‘ نام سے ایک کیفے کا افتتاح ہوا جس نے یکم جولائی سے ایک دلچسپ پیشکش لوگوں کے سامنے رکھی ہے۔ یکم جولائی سے جیسے ہی سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کا نفاذ ہوا، اس کیفے نے پلاسٹک کچرے کے بدلے ذائقہ دار کھانا دینے کا اعلان کر دیا۔ اس کیفے کی بنیاد جوناگڑھ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ ڈالی گئی ہے اور افتتاح گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورَت کے ہاتھوں ہوا۔
گورنر نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ بھی کیا جس میں لکھا کہ ’’جوناگڑھ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ تیار پراکرتک پلاسٹک کیفے کا افتتاح کیا۔ یہاں لوگوں کو قدرتی غذا ملے گی۔ سنگل یوز پلاسٹک کچرے کے بدلے میں بھی قدرتی غذا دی جائے گی۔ اس سے پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی پر کنٹرول ہوگا اور قدرتی غذا کے تئیں لوگوں میں بیداری پیدا ہوگی۔‘‘
اس کیفے سے متعلق ’ٹائمز آف انڈیا‘ میں ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی ہے۔ اس کے مطابق کیفے کا انتظام و انصرام ’سروودے سکھی منڈل‘ کے ذریعہ دیکھا جا رہا ہے جو خواتین کا ایک گروپ ہے۔ اس کیفے کے لیے ضلع انتظامیہ کے ذریعہ جگہ اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔ جوناگڑھ کے کلکٹر رچت راج کا کہنا ہے کہ ’’ہم صاف اور سبز جوناگڑھ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے ہم 500 گرام پلاسٹک کچرے کے لیے ایک گلاس لیموں کا رَس یا سونف کا رَس، اور ایک کلو پلاسٹک کچرے کے لیے ایک پلیٹ ڈھوکلا یا پوہا دیں گے۔ جتنا زیادہ پلاسٹک کچرا، اتنی بڑی تھالی ملے گی۔‘‘