پچاس سے زیادہ برسوں تک دلیپ کمار کا سایہ بن کر ان کی خدمت کرنے والی سائرہ بانو 11 دسمبر کو انہیں بے پناہ یاد کر رہی ہیں۔ شادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سائرہ بانو اپنے ’صاحب‘ کے بغیر ان کا یوم پیدائش منا رہی ہیں۔ 7 جولائی 2021 کو شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار نے 98 سال کی عمر میں اس دارفانی کو الوداع کہہ دیا تھا۔ دلیپ کمار کے 99ویں یوم پیدائش پر سائرہ بانو نے ’ای ٹائمز‘ کو آنکھیں نم کردینے والی ایک چٹھی لکھی ہے۔

سائرہ نے اپنی چٹھی میں لکھا ہے ’’11 دسمبر 1922، پشاور، غیر منقسم ہندوستان میں شمال مشرقی سرحدی صوبہ۔ 11 دسمبر کی کڑکڑاتی ٹھنڈی رات میں جب پشاور کے قصبہ خوانی بازار میں ٹھںڈی ہواؤں کے جھونکے سے شدید سردی ہو رہی تھی، میری جان، یوسف صاحب، پشاور کے ایک پھل تاجر محمد سرور خان اور عائشہ بیگم کے چوتھے بچے کی شکل میں پیدا ہوئے تھے۔ اس سال 11 دسمبر کو ان کا 99واں یوم پیدائش ہوگا۔‘‘

سائرہ بانو نے مزید لکھا ’’ہم اور سبھی فینس ان کا یوم پیدائش سادگی سے منائیں گے اور یہ مانیں گے کہ وہ ہمارے بیچ ہی ہیں۔ دلیپ صاحب کو اس بات پر کافی فخر تھا کہ ان کی پیدائش غیر منقسم ہندوستان میں ہوئی تھی۔‘‘ سائرہ بانو نے چٹھی میں یہ بھی لکھا کہ ’’اس سال بھلے ہی صاحب سے میری بات نہیں ہو پائی، مگر مجھے پتہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔‘‘