کئی دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کا نام تبدیل کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ لوگوں میں یہ بحث شروع ہوئی گئی تھی کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اسے کیا نام دیں گے۔ اب اس نئے نام کا انکشاف ہو گیا ہے۔ زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ فیس بُک کو اب ’میٹا‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ اس پلیٹ فارم کی ’میٹا‘ نام سے دوبارہ برانڈنگ کرنے کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اب یہ محض سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں رہ جائے گا۔

کمپنی کی اب پوری توجہ ایک میٹاوَرس بنانے پر مرکوز ہے۔ اس کے تحت ایک ایسی ورچوئل دنیا سے لوگوں کو متعارف کرایا جائے گا جہاں پر ٹرانسفر اور کمیونکیشن کے لیے الگ الگ ٹول کا استعمال ہوگا۔ غور طلب ہے کہ فیس بک نے کچھ دن پہلے ہی یورپ میں میٹاوَرس پر کام کرنے کے لیے 10 ہزار نئے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ ظاہر ہے کہ اب اس تعلق سے سرگرمیاں تیز ہونے والی ہیں۔

جہاں تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کا سوال ہے، اس نے پوری دنیا میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی ہوئی ہے۔ لیکن اب یہ شناخت پوری طرح سے تبدیل ہونے والی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت دنیا کا ہر تیسرا شخص فیس بک استعمال کر رہا ہے۔ اتنا ہی نہیں، یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہر گھنٹے تقریباً 100 کروڑ روپے کی کمائی کرتا ہے۔