کنڑ سپر اسٹار پنیت راج کمار نے صرف 46 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ لیکن جاتے جاتے انھوں نے ایسا نیک کام کیا ہے جس کے لیے انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ دراصل پنیت کے والد کی طرح ہی ان کی آنکھوں کو بھی عطیہ کر دیا گیا۔ اداکار کے انتقال کے 6 گھنٹے بعد اس عمل کو پورا کیا گیا۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق پنیت کے عطیہ کردہ آنکھوں کی مدد سے دو نہیں، بلکہ 4 مریضوں کو زندگی روشن ہوئی ہے۔ پنیت کی آنکھ سے 3 مرد اور 1 خاتون کی آنکھ کو بینائی حاصل ہوئی۔
ڈاکٹر بھجنگ شیٹی نے بتایا کہ سبھی 4 مریضوں کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ وہ سبھی 6 مہینے سے ویٹنگ لسٹ میں تھے۔ ڈاکٹر نے یہ بھی بتایا کہ پنیت کے والد ڈاکٹر راج کمار نے یہ عہد کیا تھا کہ وہ اور ان کے خاندان کے سبھی اراکین انتقال کے بعد اپنی آنکھیں عطیہ کریں گے۔ خاندان والوں نے ان کے وعدہ کو پورا کیا۔ اتنے مشکل وقت میں بھی انہوں نے مجھے فون کیا اور آنکھیں عطیہ کرنے کی جانکاری دی۔ وہ لوگ بہت ہمت والے ہیں۔
غور طلب ہے کہ پنیت راج کمار کا گزشتہ دنوں ہارٹ اٹیک سے انتقال ہو گیا تھا۔ اپنی دریا دلی اور مسکراتے چہرے کی وجہ سے انہوں نے لوگوں کے دلوں میں اپنی ایک خاص جگہ بنائی تھی۔ وہ 1800 طالب علم کی پڑھائی کا خرچ بھی اٹھا رہے تھے۔