70 کی دہائی کی معروف اداکارہ ممتاز ایک بار پھر بالی ووڈ میں انٹری کی خواہش مند ہیں۔ بس انھیں اچھے کردار اور اپنے شوہر کی رضامندی کا انتظار ہے۔ گزرے زمانے کی صف اوّل کی اداکارہ ممتاز نے اس بات کا انکشاف سوشل میڈیا پر ایک لائیو سیشن میں بات چیت کے دوران کیا، جس کے بعد ان کے چاہنے والے انہیں ایک مرتبہ پھر پردہ سیمیں پر دیکھنے کے لئے ابھی سے بے قرار ہیں۔
دراصل ممتاز کی بیٹی تانیا مادھوانی نے اپنی والدہ کے ساتھ انسٹا پر ایک لائیو سیشن کیا۔ اس کا عنوان تھا ’لیو وِتھ ممتاز‘۔ اس میں انہوں نے اپنی زندگی سے جڑی کئی باتوں کا ذکر کیا جس میں ڈیلی لائف سے لے کر اپنے فری ٹائم کو گزارنے کے بارے میں بھی بتایا۔ اداکارہ نے کہا کہ ان کے ناتی پوتے ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں اور وہ ان کے ساتھ کوالیٹی ٹائم گزار رہی ہیں۔ بات چیت کے دوران ممتاز نے کہا کہ اگر انہیں فلموں میں دوبارہ آنے کا موقع ملا تو وہ ضرور آئیں گی لیکن اچھے پروجیکٹ کے لیے ہی حامی بھریں گی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس کے لیے شوہر کی رضامندی بھی ضروری ہے۔
غور طلب ہے کہ راجیش کھنہ اور ممتاز کی جوڑی کو لوگوں نے خوب پسند کیا تھا اور اس جوڑے نے ساتھ مل کر کئی سپرہٹ فلمیں دی تھیں جو آج بھی اپنی سنہری یادیں سمیٹے ہوئی ہیں۔ ویسے ممتاز اس وقت ہندوستان میں نہیں بلکہ پورے کنبہ کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔