سابق سلامی بلے باز مرلی وجے نے کورونا ویکسین لینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا خمیازہ انھیں اس طرح بھگتنا پڑا کہ سلیکٹرز نے گھریلو ٹی-20 مشتاق علی ٹرافی کے لیے ان کے سلیکشن سے منع کر دیا۔ یعنی وہ اس ٹورنامنٹ میں تمل ناڈو کی طرف سے نہیں کھیل پائیں گے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق مرلی وجے کے فیصلے کے بارے میں بورڈ کے ایک افسر نے کہا کہ ’’مرلی وجے ویکسین نہیں لینا چاہتے، اور بی سی سی آئی کے ضوابط کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹیکہ کاری ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ٹورنامنٹ کی شروعات سے ایک ہفتہ پہلے انہیں بایو ببل میں شامل ہونے کی ہدایت ہے۔ اس بایو ببل میں کھلاڑیوں کو تب تک رہنا ہوگا جب تک کہ وہ ٹیم ٹورنامنٹ میں بنی رہتی ہے۔ لیکن مرلی وجے اس کے لئے بھی تیار نہیں تھے، اس لیے تمل ناڈو کرکٹ یونین نے ٹیم میں ان کے سلیکشن پر غور نہیں کیا۔‘‘ افسر نے مزید کہا کہ اگر مرلی ویکسین لے بھی لیتے تو ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے انہیں فٹ نس ثابت کرنا ہوتا۔

غور طلب ہے کہ مرلی وِجے گزشتہ کچھ سالوں سے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہیں۔ ان کی عمر بھی زیادہ ہوگئی ہے اس لیے اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ قصداً فٹ نس ٹاسک میں شامل ہونے سے بچ رہے ہیں۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ آئندہ کہ ٹورنامنٹس میں مرلی وجے کا رویہ کیسا رہتا ہے۔