ملیالم گلوکاروں کے درمیان نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھے جانے والے مشہور گلوکار ایڈوا بشیر کا 28 مئی کی شب انتقال ہو گیا۔ 78 سالہ بشیر اسٹیج پر گلوکاری کر رہے تھے جب وہ گرے اور پھر ہوش میں نہ آ سکے۔ اس تعلق سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ گرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ یسوداس کا گانا ’مانا ہو تم بہت حسینہ‘ گا رہے تھے اور گانا ختم ہوتے ہی وہ اسٹیج پر بیہوش ہو گئے۔ انھیں فوراً نزدیکی اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بتاریخ 29 مئی ایڈوا بشیر کو کڈپاکڑا جامع مسجد قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے کئی چاہنے والے موجود تھے۔ بشیر نے یوں تو کئی فلمی گانوں میں اپنی آواز دے کر لوگوں کا دل جیتا ہے، لیکن وہ زیادہ تر لائیو کنسرٹ میں پرفارمنس کے لیے جانے جاتے تھے۔ 28 مئی کی شب وہ کیرالہ کے الپوژا میں بلو ڈائمنڈ آرکیسٹرا پارٹی کے گولڈن جبلی پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی شکل میں شریک ہوئے تھے۔ اس تقریب میں انھوں نے اپنی گلوکاری سے سبھی کو متاثر کیا، لیکن یہ لمحہ ان کے لیے زندگی کا آخری لمحہ ثابت ہوا۔
ایڈوا بشیر دنیائے موسیقی میں ایک تجربہ کار گلوکار کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ انھوں نے سواتی تھرونل سنگیت اکادمی سے موسیقی میں ڈگری لی تھی۔ 1972 میں انھوں نے ’کولم سنگیتالیہ گنمیلا منڈلی‘ کی بنیاد بھی رکھی تھی۔