پاکستانی تیز گیندباز وہاب ریاض ان دنوں سڑک پر چنے فروخت کر رہے ہیں۔ جی ہاں! یہ بالکل سچ ہے۔ وہاب نے خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں وہ سڑک پر چنے فروخت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وہاب ریاض کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اسے کافی پسند بھی کر رہے ہیں۔
وہاب ریاض نے سوشل میڈیا پر چنے فروخت کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کچھ لکھا بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’آپ کے چنوں والا چاچا آف دی ڈے۔ اپنا آرڈر بھیجئے۔ کیا بناؤں اور کتنے کا بناؤں۔ بچپن کے دن یاد آ گئے مزہ آ گیا۔‘‘ غور طلب ہے کہ وہاب اپنے ہیومر کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے شیدائیوں کے لیے نئی نئی چیزیں شیئر کرتے رہتے ہیں۔
وہاب ریاض کے کرکٹ کیریئر کی بات کریں تو 27 ٹیسٹ، 91 وَنڈے اور 36 ٹی-20 میں انھوں نے پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی مقابلہ 2020 میں کھیلا تھا۔ کچھ دن پہلے ہی وہ آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے شو ’دی پویلین‘ میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور وقار یونس کے ساتھ نظر آئے تھے۔ وہاب ریاض 2011 کے عالمی کپ سیمی فائنل میں ہندوستان کے خلاف شاندار گیندبازی کے لیے یاد کیے جاتے ہیں جس میں انھوں نے 5 وکٹ لیے تھے۔ 2015 کے عالمی کپ میں بھی وہاب نے کافی اچھی گیندبازی (خصوصاً آسٹریلیا کے خلاف) کی تھی۔