اپنا آبائی مذہب چھوڑ کر مذہب اسلام اختیار کرنے والے گلوکاروں میں ایک نیا نام جڑنے والا ہے۔ یوگانڈا کے مشہور و معروف گلوکار وائیکلف تگومے عرف یکی بینڈا یکی نے کہا ہے کہ وہ اپنا مذہب تبدیل کر مذہب اسلام اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ یہ عزم انھوں نے عید کے موقع پر منعقد ایک تقریب کے دوران ظاہر کیا۔ تقریب میں مسلمانوں کو کھانا کھلاتے وقت یکی بینڈا یکی نے اپنی خواہش لوگوں کو بتائی اور اسلام مذہب پسند آنے کی ایک وجہ اس میں چار شادیوں کی اجازت ہونا بتائی۔
یکی بینڈا یکی کا کہنا ہے کہ مذہب اسلام میں کئی چیزیں ایسی ہیں جو متاثر کرتی ہیں، مثلاً آپ چار خواتین سے بھی شادیاں کر سکتے ہیں۔ یعنی ایک ساتھ چار بیویاں رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔ یکی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر کافی اچھا لگتا ہے کہ کس طرح اسلامی شادیوں میں سبھی بیویاں بغیر کسی لڑائی جھگڑے کے ایک ساتھ مل جل کر رہتی ہیں۔ ایسا شاید ہی کسی مذہب میں ہوتا ہوگا۔‘‘
گلوکار کے ذریعہ مذہب اسلام پسند کرنے کی وجہ حیرت انگیز ضرور ہے، لیکن اس کے پیچھے ان کی زندگی سے جڑے کچھ واقعات ہیں۔ دراصل یکی ایک بچے کے والد ہیں۔ کچھ خواتین سے ان کی قربت رہی ہے اور غالباً وہ بغیر پہلی بیوی کو چھوڑے دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پرسکون زندگی کے لیے مذہب اسلام کی طرف راغب ہوئے۔ حالانکہ وہ اسلام اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کب کریں گے، اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔