وزیر اعظم نریندر مودی آج اتراکھنڈ کے کیدارناتھ دھام پہنچے تھے۔ اس موقع پر ہریانہ کے روہتک میں پروگرام کا براہ راست نشریہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ براہ راست نشریہ دیکھنے کے لیے بی جے پی کے سابق وزیر منیش گروور اور کئی دیگر لیڈران پہنچ رہے تھے، لیکن کلوئی گاؤں میں کسانوں نے انھیں یرغمال بنا لیا۔ ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق بی جے پی لیڈروں نے وہاں شیو مندر کے باہر جو گاڑیاں کھڑی کی تھیں، اس کی ہوا بھی نکال دی گئی۔

یہ کسان زرعی قوانین واپس نہیں لیے جانے کے سبب ناراض ہیں اور بی جے پی لیڈروں کا کوئی بھی پروگرام علاقے میں نہیں ہونے دینا چاہتے۔ کسانوں کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے کلوئی گاؤں میں بڑی تعداد میں پولس فورس پہنچ گئی۔ اس کے باوجود سابق وزیر منیش اور بی جے پی کارکنان کو مندر میں ہی یرغمال بنا کر کافی دیر تک رکھا گیا۔ بعد میں پولس نے کسی طرح کسانوں کو سمجھا کر انھیں چھڑایا۔

کسانوں نے وزیر اعظم مودی کے پروگرام کے براہ راست نشریہ کو بھی متاثر کیا۔ انھوں نے اس ٹی وی اسکرین کی لائن ہی کاٹ دی جس پر پروگرام نشر ہونا تھا۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ سنیوکت کسان مورچہ نے بی جے پی اور جے جے پی لیڈروں کے پروگرام کی مخالفت کرنے کی ہدایت دی ہے جس پر عمل کیا جا رہا ہے۔ جب تک زرعی قوانین واپس نہیں لیے جاتے، بی جے پی لیڈران کی مخالفت جاری رہے گی۔