کسان تحریک کے دوران یہ سوال کئی بار سامنے آیا کہ کیا کسان لیڈران انتخابی میدان میں اتریں گے؟ اب اس کا جواب ’ہاں‘ کی شکل میں مل گیا ہے۔ بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی نے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا نام انھوں نے ’سنیوکت سنگھرش پارٹی‘ رکھا ہے۔ چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گرنام سنگھ چڈھونی نے یہ اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں نے ’مشن پنجاب‘ کا آغاز بھی کر دیا ہے، یعنی وہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں قسمت آزمائی کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے انتخاب نہ لڑنے کا اعلان پچھلے دنوں کیا تھا، اور یہ بھی کہا تھا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی ان کی تصویر کا استعمال اپنے بینر و پوسٹر پر نہ کرے۔ لیکن کسان تحریک میں پیش پیش رہنے والے گرنام سنگھ چڈھونی کے اعلان نے بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس سمیت دیگر چھوٹی بڑی پارٹیوں کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرنام سنگھ چڈھونی نے اپنی پارٹی تشکیل دینے کا اعلان ضرور کر دیا ہے، لیکن ان کے فیصلے سے پنجاب کے سبھی کسان متفق نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ’سنیوکت کسان مورچہ‘ ان کے پنجاب میں انتخاب لڑنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھا، لیکن چڈھونی اپنے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ وہ ’مشن پنجاب‘ کے تحت فتح گڑھ صاحب میں دورہ کے دوران ایک امیدوار کے نام کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔