آئی پی ایل 2022 میں اپنا پہلا مقابلہ سنرائزرس حیدر آباد ہار چکی ہے اور 4 مارچ کو کھیلے جانے والے دوسرے مقابلے کے لیے زبردست پریکٹس کر رہی ہے۔ اس درمیان ٹیم کے کھلاڑی آپس میں مستی کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں طوفانی گیندباز عمران ملک اور تیز طرار بلے باز نکولس پورن ایک شرط لگاتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آخر میں شرط کشمیری بوائے عمران ملک جیت جاتے ہیں۔

ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ رات کا وقت ہے۔ پریکٹس کے دوران عمران ملک بیٹنگ کے لیے کِٹ پہن رہے تھے جب پورن نے انھیں گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوچ ٹام موڈی سے پورن نے پوچھا کہ اسپن گیندبازی کرنی ہے یا تیز؟ اس پر موڈی نے کہا کہ اسے (عمران کو) کچھ اسپن گیندیں ڈالو۔ یہ سن کر پورن اپنے پیچھے کِٹ پہن رہے عمران سے پوچھتے ہیں ’’آپ کیا چاہتے ہو، لیگ اسپن ڈالوں یا آف اسپن؟‘‘

پورن کا سوال سن کر عمران کہتے ہیں ’’جو آپ چاہو ڈالو۔ لیگ اسپن، آف اسپن یا تھرو۔ میں آپ کے ایک اوور میں چوکا اور چھکا لگاؤں گا۔‘‘ اتنا سن کر پورن کہتے ہیں ’’ایک اوور، آ جاؤ۔‘‘ اس کے بعد ویڈیو میں نکولس پورن پہلے دائیں ہاتھ سے گیندبازی کرتے ہیں جس پر عمران زوردار ہوائی شاٹ لگا دیتے ہیں۔ اگلی گیند وہ بائیں ہاتھ سے کرتے ہیں جس پر عمران چھکا لگا دیتے ہیں۔ گویا کہ شرط عمران ملک جیت جاتے ہیں اور نکولس پورن مایوسی کے ساتھ میدان سے نکل جاتے ہیں۔