رمضان المبارک کے موقع پر لال کنواں (دہلی) واقع فاطمہ اکیڈمی نے ’علم کی روشنی‘ نام سے انتہائی معلوماتی پروگرام چلایا ہوا ہے جس کے تحت 18 رمضان (20 اپریل) کو ایک خصوصی امتحان منعقد ہوا۔ ’علم کی روشنی‘ پروگرام کے تحت گوگل فارم کے ذریعہ خواتین و طالبات کو مختلف موضوعات، مثلاً طریقہ نماز و روزہ وغیرہ پر مبنی معلومات فراہم کی جاتی ہیں، اور اسی سے متعلق امتحان بدھ کو منعقد ہوا۔ امتحان میں تقریباً 200 خواتین و طالبات نے شرکت کی۔ 3.30 بجے تحریری اور بعد عصر زبانی امتحان ہوا۔

اس موقع پر شہر کے کئی معزز شخصیات کی موجودگی نے خواتین و طالبات کا بہت حوصلہ بڑھایا۔ سماجی کارکنان شفیع دہلوی، محمد تقی، ارشد فہمی، محمد شاہد، طاہر نور، ذاکر حسین وغیرہ نے فاطمہ اکیڈمی کی کارکردگی اور خواتین و طالبات کی اسلامی تعلیم میں دلچسپی کی خوب تعریف کی۔ امتحان دہندگان اور مہمانان کے لیے فاطمہ اکیڈمی کی جانب سے افطار اور عشائیہ کا بھی نظم تھا۔

کامیاب تقریب کے بعد فاطمہ اکیڈمی کے صدر اعجاز نور اور سکریٹری محمد جاوید نے کہا کہ خواتین قوم کی معمار ہوتی ہیں، انھیں صوم و صلوٰۃ کی پابند بننا چاہیے کیونکہ ایسی ہی مائیں اولاد کی اچھی تربیت کی ضامن ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’علم کی روشنی‘ (آن لائن کلاسز) کا سلسلہ عید تک جاری رہے گا اور جو بھی شامل ہونا چاہے وہ فاطمہ اکیڈمی سے رابطہ کر سکتا ہے۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں راشد وحید، مہک عزیز، رمشا، ثنا، افرا، تمنا، ایاز وغیرہ نے نہایت اہم کردار نبھایا۔