نئی دہلی: پرانی دہلی کے لال کنواں واقع مشہور ادارہ ’فاطمہ اکیڈمی‘ میں گزشتہ 12 سالوں کی طرح امسال بھی ’سمر کیمپ‘ کا انعقاد ہوا۔ ایک ماہ تک چلے کیمپ میں مختلف اسکولوں کے تقریباً 400 طالبات اور 225 طلبا نے شرکت کی۔ 5 جولائی کو اس سمر کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں دہلی حکومت کے وزیر برائے خوراک عمران حسین بطور مہمان خصوصی، اور بلیماران کے کونسلر محمد صادق بطور مہمان ذی وقار شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں عمران حسین نے فاطمہ اکیڈمی کے صدر اعجاز نور، سکریٹری محمد جاوید اور ان کی ٹیم بشمول اساتذہ و انسٹرکٹرز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں کئی سالوں سے فاطمہ اکیڈمی کے پروگراموں میں شرکت کر رہا ہوں، اور یہاں زیر تربیت بچوں کو میں نے عمر میں بڑھتے اور ہنر میں نکھرتے دیکھا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دیگر تنظیمیں بھی فاطمہ اکیڈمی کی تقلید کریں۔‘‘ اس پروگرام کی نظامت فرزانہ، مہک عزیز، تمنا، رمشا ناز اور اقرا نے کی۔ ایاز، اقرا، اقرا یونس و دیگر ٹیم کیپٹن کی زیر نگرانی پروگرام کی تیاری کی گئی۔ اس میں وجیہا بیگم، افرا لبنیٰ، راشد وحید اور ثنا یونس بھی پیش پیش رہے۔

سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں طلبا و طالبات کے والدین کے علاوہ مختلف این جی او کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ بچوں کی جانب سے پیش کردہ تعلیمی و سماجی تقاضوں پر مبنی پروگرام سے سبھی شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ سعد و زید نے فاطمہ اکیڈمی کے اب تک کے سفر کا احاطہ کرتے ہوئے ایک بہترین آڈیو ویژوئل پریزنٹیشن دیا۔