گزشتہ سال یعنی 2021 میں 31 دسمبر تک 22762 ہندوستانی این جی او یا ادارے FCRA (غیر ملکی چندہ ریگولیشن ایکٹ) سے منظور شدہ تھے۔ لیکن یکم جنوری 2022 میں یہ تعداد گھٹ کر 16829 ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ 5933 اداروں کا ایف سی آر اے رجسٹریشن ختم ہو گیا۔ افسران کا کہنا ہے کہ ان اداروں نے یا تو اپنے ایف سی آر اے لائسنس کی تجدید کے لیے درخواست نہیں دی، یا پھر مرکزی وزارت داخلہ نے ان کی درخواستوں کو خارج کر دیا۔

ایف سی آر اے سے متعلق آفیشیل ویب سائٹ کے مطابق جن اداروں کا FCRA رجسٹریشن ختم ہوا ہے ان میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر اور ہمدرد ایجوکیشن سوسائٹی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن (آئی ایم اے)، نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری، اندرا گاندھی نیشنل آرٹ سنٹر، لال بہادر شاستری میموریل فاؤنڈیشن، لیڈی شری رام کالج فار وومن، دہلی کالج آف انجینئرنگ، میڈیکل کاؤنسل آف انڈیا، گودریج میموریل ٹرسٹ، ٹیوبرکولوسس ایسو سی ایشن آف انڈیا، نیشنل فیڈریشن آف فشرمین کوآپریٹوس لمیٹڈ اور دہلی پبلک اسکول سوسائٹی وغیرہ کا بھی رجسٹریشن ختم ہو گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امینوئل ہاسپیٹل ایسو سی ایشن کا بھی ایف سی آر اے ختم ہو گیا ہے جو کہ پورے ہندوستان میں ایک درجن سے زائد اسپتال چلاتا ہے۔ غور طلب ہے کہ غیر ملکی چندہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ادارہ اور این جی او کے لیے ایف سی آر اے رجسٹریشن لازمی ہے۔