اتر پردیش میں بی جے پی کی حالت بہت خراب نظر آ رہی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کئی بی جے پی امیدوار شکست کے خوف سے پریشان ہیں۔ اس کی سب سے بہترین مثال 23 فروری کو اس وقت دیکھنے کو ملی جب سونبھدر کے رابرٹس گنج اسمبلی سیٹ سے بی جے پی رکن اسمبلی بھوپیش چوبے نے عوامی جلسہ میں کان پکڑ کر اٹھک-بیٹھک شروع کر دی۔ انھوں نے جلسہ میں عوام کی ناراضگی دور کرنے کے لیے پہلے ہاتھ جوڑے، پھر کرسی پر کھڑے ہو کر معافی مانگتے ہوئے کان پکڑ کر اٹھک-بیٹھک کرنے لگے۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اور ان کا خوب مذاق بھی بن رہا ہے۔

اس ویڈیو کو چھتیس گڑھ پردیش کانگریس سیوا دل نے بھی ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے ’’رابرٹس گنج سے بی جے پی رکن اسمبلی بھوپیش چوبے نے کان پکڑ کر اٹھک-بیٹھک کی تاکہ عوام ان کے پانچ سال کے کُشاسن کو بھلا دے۔ جمہوریت میں عوام سے زیادہ طاقتور کوئی نہیں ہے۔‘‘ اس تعلق سے ایک طنزیہ ٹوئٹ اکھلیش یادو نے بھی کیا ہے۔

دراصل بھوپیش چوبے کو بی جے پی نے ایک بار پھر رابرٹس گنج سے امیدوار بنایا ہے۔ گزشتہ مدت کار میں انھوں نے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا جس سے عوام میں سخت ناراضگی ہے۔ اسی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے بھوپیش چوبے نے اٹھک-بیٹھک کی اور عوام کو یقین دلایا کہ ان سے یہ غلطی دوبارہ نہیں ہوگی۔