تمل ناڈو میں لگاتار موسلادھار بارش کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہیں۔ اس درمیان چنئی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران بھی ہیں اور خوش بھی۔ ویڈیو میں ایک خاتون پولس انسپکٹر بارش کے دوران بیہوش پڑے ایک شخص کو کندھے پر اٹھا کر آٹو رکشہ تک پہنچاتی نظر آ رہی ہیں تاکہ اسے علاج کے لیے اسپتال لے جایا جا سکے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بتایا ہے کہ خاتون انسپکٹر کا نام راجیشوری ہے۔ وہ ٹی پی چترم پولس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح خاتون انسپکٹر پہلے اپنی ٹیم کی مدد سے سڑک پر گرے درخت کو ہٹاتی ہیں۔ پھر انھیں ایک بیہوش شخص نظر آتا ہے جسے وہ اپنے کندھے پر اٹھاتی ہیں۔ اسے لے کر ننگے پیر بھاگتی ہیں اور جب تک ان کی ٹیم آٹو کا انتظام نہیں کرتی، وہ بیہوش شخص کو کندھے پر ہی لیے رہتی ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں راجیشوری اسے آٹو میں ڈالتی ہیں اور کچھ لوگوں کے ساتھ اسپتال کے لیے روانہ کر دیتی ہیں۔

راجیشوری کے حوصلے کی لوگ خوب تعریف کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین انھیں سلام بھی پیش کر رہے ہیں اور یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ملک کو ایسے ہی پولس اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ راجیشوری نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ خواتین کو کسی بھی طرح کمزور نہیں سمجھا جا سکتا۔