ایک طرف فیفا عالمی کپ 2022 میں میدان پر دلچسپ مقابلے کھیلے جا رہے ہیں، اور دوسری طرف میدان کے باہر کچھ ایسی سرگرمیاں چل رہی ہیں جس پر کم ہی لوگوں کی نگاہ جا رہی ہے۔ قطر میں کھیلے جا رہے فیفا عالمی کپ کے دوران مسلمانوں کا ایک طبقہ غیر مسلم افراد کے درمیان اسلام کو اصل صورت میں پیش کرنے کی کوشش کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ کچھ ایسی ہی کوشش مسلم خواتین اس وقت کرتی ہوئی دکھائی دیں جب وہ ’حجاب‘ کے بارے میں غیر مسلم خواتین کو بتا رہی تھیں۔
’ترکیہ اردو‘ نے اس تعلق سے ایک ویڈیو پوسٹ کر جانکاری دی ہے۔ اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر ویڈیو کے ساتھ ’ترکیہ اردو‘ نے لکھا ہے ’’فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران قطر میں جا بجا تبلیغ دین کے مظاہر دکھائی دے رہے ہیں۔ بعض مسلم خواتین نے غیر مسلم خواتین کو حجاب متعارف کروانے کی مہم شروع کی ہے جس کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غیر مسلم خواتین نے حجاب پہن کر اچھا محسوس کیا۔‘‘
غور طلب ہے کہ مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کی فیفا عالمی کپ 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت، اور کچھ غیر مسلم افراد کے قبولِ اسلام کو لے کر سوشل میڈیا پر کافی ہنگامہ جاری ہے۔ حالانکہ ایک رپورٹ کے مطابق کئی مسلم دانشور اس وقت قطر میں موجود ہیں جو مختلف تقاریب کے دوران اسلامی تعلیمات کے بارے میں لوگوں کو بتا رہے ہیں۔ اس میں خواتین بھی پیش پیش نظر آ رہی ہیں۔