بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’ہندی میڈیم‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ صبا قمر کے سامنے گرفتاری کی تلوار لٹکتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس پاکستانی اداکارہ کے خلاف ایک عدالت نے گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی بھی وقت گرفتار ہو سکتی ہیں۔ صبا قمر پر پاکستان میں ایک مسجد کی بے حرمتی اور اسے ناپاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے اس سلسلے میں داخل ایک عرضی پر عدالت میں سماعت جاری ہے۔

دراصل صبا سمیت کئی لوگوں پر لاہور کی ایک تاریخی مسجد میں ڈانس ویڈیو شوٹ کرنے کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صبا قمر اور بلال سعید نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر لاہور کی مسجد وزیر خان میں ڈانس ویڈیو شوٹ کیا تھا، اور جب اس کی خبر لوگوں کو ملی تو پوری ٹیم کو زبردست ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ لوگوں نے اداکارہ صبا اور گلوکار بلال سعید کے خلاف تھانہ میں کیس درج کرایا۔ صبا اور بلال کے خلاف لاہور پولیس نے سیکشن 295 کے تحت کیس درج کیا ہوا ہے۔ حالانکہ ہنگامہ بڑھنے پر دونوں نے معافی مانگ لی تھی۔

بہر حال، یہ معاملہ اب عدالت میں ہے اور اس نے صبا کے ساتھ ساتھ بلال کو پیشی میں موجود رہنے کے لیے کہا تھا لیکن جب یہ دونوں نہیں پہنچے تو لاہور مجسٹریٹ کورٹ نے گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت اب 6 اکتوبر کو ہونی ہے۔