ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز رہے محمد اظہرالدین کے خلاف بدعنوانی معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ معاملہ حیدر آباد کرکٹ ایسو سی ایشن (ایچ سی اے) سے جڑا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ایچ سی اے چیف ایگزیکٹیو افسر سنیل کانتے بوس کی شکایت پر اُپل پولیس اسٹیشن میں ایچ سی اے کے سابق چیف اظہرالدین اور دیگر سابق عہدیداران کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

اپنی شکایت میں سنیل کانتے بوس نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے سامنے مختلف فریقین کے ذریعہ پیش سابقہ رپورٹس کے مدنظر پیسے کے غلط استعمال کا معاملہ سامنے آیا۔ اس تعلق سے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ فرم کو رواں سال اگست میں ایچ سی اے کا فورنسک آڈٹ کرنے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ فرم نے یکم مارچ 2020 سے 28 فروری 2023 کی مدت کے لیے ایک فورنسک آڈٹ (عبوری رپورٹ) پیش کیا۔ آڈٹ میں مالی نقصان کا پتہ چلا جس میں فنڈ کا ڈائیورژن، ایچ سی اے سے متعلق ملکیتوں کا غلط استعمال شامل ہے۔

اس معاملے میں محمد اظہرالدین کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ایچ سی اے چیف ایگزیکٹیو افسر کی شکایتوں پر میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ جھوٹے الزامات ہیں۔ میں مناسب وقت پر جواب دوں گا۔‘‘