مشہور و معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے خلاف ممبئی میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کے خلاف ان کے مبینہ بیان کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی وکیل سنتوش دوبے کی شکایت کے بعد ملند واقع پولس تھانہ میں جاوید اختر کے خلاف کیس درج ہوا۔
جاوید اختر پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے ایک بیان میں آر ایس ایس اور طالبان کو ایک جیسا بتایا تھا جو کہ آر ایس ایس کی بے عزتی کرنے والا عمل ہے۔ وکیل سنتوش دوبے کا کہنا ہے کہ ’’میں نے پہلے جاوید اختر کو قانونی نوٹس بھیجا اور ان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کے لیے کہا تھا۔ لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔ اب میری شکایت کی بنیاد پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔‘‘ ایک پولس افسر نے بتایا کہ جاوید اختر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 500 (ہتک عزتی کے لیے سزا) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
دراصل کچھ دن قبل ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جاوید اختر نے مبینہ طور پر ہندو شدت پسندوں اور طالبان جنگجوؤں کو یکساں بتایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ دونوں کا عمل دیکھ کر لگتا ہے یہ ایک جیسے ہیں۔ ان کے بیان پر کافی ہنگامہ ہوا تھا، لیکن اب تحریری شکایت کے بعد ممبئی پولس نے باضابطہ کیس درج کر لیا ہے۔