وَنڈے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد وراٹ کوہلی کی ناراضگی سے تو لوگ پہلے ہی واقف تھے، اب پبلک پلیٹ فارم پر گانگولی اور کوہلی کے متضاد بیانات نے ہندوستانی ٹیم میں موجود رسہ کشی کو ظاہر کر دیاہے۔ بڑھتے ہوئے تنازعہ کو دیکھ کر کپل دیو نے دونوں کو ایک دوسرے کی برائی نہیں کرنے اور جنوبی افریقہ دورے پر فوکس کرنے کی نصیحت کی ہے۔

سابق عظیم کھلاڑی کپل دیو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’میڈیا میں آکر ایسے انگلیاں اٹھانا ٹھیک نہیں ہے۔ آگے ٹور آ رہا ہے، آپ اس پر فوکس کیجیے۔ بورڈ پریسیڈنٹ اپنی جگہ ہے، ٹیم ہندوستان کا کپتان بھی ایک بڑی چیز ہوتی ہے، لیکن ایک دوسرے کی پبلک میں آکر بُرائی کرنا ٹھیک نہیں۔ چاہے سوربھ ہو یا وراٹ، آپ اس سچویشن کو کنٹرول کیجیے۔ بہتر یہی ہے کہ آپ ملک کے بارے میں سوچیں۔‘‘ کپل نے یہ بھی کہا کہ جو غلط ہے وہ کل پتہ چل ہی جائے گا، اس لیے دورے سے پہلے تنازعہ نہیں ہونا چاہیے۔

واضح ہو کہ سورو گانگولی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے کوہلی کو ٹی-20 کی کپتانی نہ چھوڑنے کی صلاح دی تھی کیونکہ بورڈ ٹی-20 اور ونڈے کا ایک ہی کپتان چاہتا تھا۔ وراٹ نے گانگولی کے اس بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے کسی رکن نے انہیں کپتانی نہ چھوڑنے کی بات کبھی کہی ہی نہیں، اور نہ ہی ونڈے کی کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں پہلے کوئی اطلاع دی گئی۔